Live Updates

اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیلاب کی ویڈیوز وائرل

پاک فوج کی جانب سے پھنسے لوگوں کو نکالنے کی ویڈیوز سامنے آئیں

جمعرات 17 جولائی 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)وفاقی دارالحکومت حکومت اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں 16 اور 17 جولائی کی درمیانی شب مسلسل تیز بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں 15 گھنٹوں کے دوران 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جب کہ چکوال میں بادل پھٹنے کے بعد 423 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال اور گرد و نواح کے شہروں اور علاقوں میں مسلسل بارش کے بعد سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی اور رہائشی علاقے بھی زیر آب آگئے۔بارش اور سیلاب کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال کی متعدد ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جن میں پانی کو عبادت گاہوں سمیت گھروں میں بھی داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد اور راولپنڈی کے متعدد روڈز اور کاروباری علاقے بھی زیر آب آگئے ۔ رپورٹ کے مطابق موٹر وے پر بھی پانی کھڑا ہوگیا، دوسری جانب اسلام آباد میں انڈر پاس اور فلائی اوورز کے قریب روڈوں کے بیٹھ جانے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوگئیں۔شدید بارشوں کے بعد سیلاب آنے کی متعدد ویڈیوز میں صارفین کی جانب سے بے بنیاد دعوے بھی کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف بھی پھیل گیا۔سیلاب ریلے آنے کے بعد متعدد علاقوں میں درجنوں افراد کے پھنس جانے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوگئیں جبکہ پاک فوج کی جانب سے پھنسے لوگوں کو نکالنے کی ویڈیوز سامنے آئیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات