سانحہ قلات میں شہید ہونے والے معروف قوال گھرانے کے 3 افراد کی میتیں کراچی پہنچادی گئیں

شہدا کے جسد خاکی بلوچستان حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ کارگو پہنچائے گئے یہ ایک دہشتگردی کا ایسا واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اس سانحہ میں 3 بے گناہ شہید ہوئے جو پیشہ کے لحاظ سے قوال ہیں ،سعیدغنی

جمعرات 17 جولائی 2025 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)سانحہ قلات کے شہدا کے جسد خاکی کراچی پہنچا دیئے گئے، شہدا کے جسد خاکی بلوچستان حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ کارگو پہنچائے گئے۔رپورٹ کے مطابق بدھ کوقلات میں کراچی سیکوئٹہ جانے والی مسافربس پرفتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کراچی کے معروف قوال گھرانے کے تینوں افراد کی میتیں بلوچستان حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ کارگو پہنچا دی گئیں۔

وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے سانحہ قلات کے شہدا کے جسد خاکی وصول کیے۔جن شہیدوں کے جسد خاکی کراچی پہنچائے گئے ان میں شہید محمد احمد ولد بشیراحمد، شہید محمد رضا ولد احمد اورشہید محمد آصف شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرصوبائی وزیربلدیات سعید غنی نے کہاکہ یہ ایک دہشتگردی کا ایسا واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اس سانحہ میں 3 بے گناہ شہید ہوئے جو پیشہ کے لحاظ سے قوال ہیں اور وہ وہاں کسی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے جارہے تھے۔

اس دہشتگردی کے واقعہ کے 5 زخمی اس وقت قلات کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ باقی مانندہ دیگر زخمی کچھ کراچی واپس آئے ہیں اورکچھ ابھی قلات میں ہیں۔سعید غنی نے کہاکہ قلات میں جو شدید زخمی ہیں ان کے لیے بلوچستان حکومت سے بات ہوئی ہے ان تمام کو ہرممکن طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونیوالے افراد کی میتیں ایدھی ایمبولینسوں کے زریعے مارٹن کوارٹر سردخانے اور پانچ افراد کو ایدھی ایمبولیسنوں کے ذریعے ان کے آبائی گھرمارٹن روڈ منتقل کردیا گیا۔

فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والے افراد کی نمازجنازہ ممکنہ طورپربعد نمازعصرپی آئی بی اسپورٹس کمپلکس میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین لیاقت آباد کے قبرستان میں کی جائیگی۔افسوسناک واقعے پرعلاقے میں سوگ کا سما ہے اور ہرآنکھ اشکبار ہے، شہید احمد صابری قوال کی رہائش گاہ پربڑی تعداد میں اہل علاقہ اورعزیزوقارب موجود ہیں۔مقتول قوال احمد صابری چار بیٹیوں اور3 بیٹوں کے باپ تھے، بڑا بیٹا رضا فائرنگ کے واقعے میں ان کے ساتھ ہی شہید ہو گیا، رضا 6 ماہ کے بچے کا باپ تھا جب کہ شہید آصف بھی شادی شدہ تھا۔

شہیدا کے اہلخانہ نے بتایا کہ 16 افراد کراچی سے کوئٹہ تقریب میں جا رہے تھے، قلات میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد کو گولیاں لگیں جن میں سے تین افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔اہلخانہ نے وزیراعلی بلوچستان سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی بوچستان کراچی سے کوئٹہ جانے والے راستے کو محفوظ بنائیں اور دہشت گردوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔