Live Updates

شوگر ملز کی لاٹری نکل آئی، پنجاب حکومت کا ہر ماہ بعد چینی مہنگی کرنے کا فیصلہ

مریم نواز حکومت کی جانب سے کرشنگ سیزن کے آغاز تک پر ایک ماہ بعد چینی کی ایکس مل اور پرچوں قیمت میں اضافہ کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 جولائی 2025 22:46

شوگر ملز کی لاٹری نکل آئی، پنجاب حکومت کا ہر ماہ بعد چینی مہنگی کرنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی2025ء) شوگر ملز کی لاٹری نکل آئی، پنجاب حکومت کا ہر ماہ بعد چینی مہنگی کرنے کا فیصلہ، مریم نواز حکومت کی جانب سے کرشنگ سیزن کے آغاز تک پر ایک ماہ بعد چینی کی ایکس مل اور پرچوں قیمت میں اضافہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے 4 ماہ کے لیے چینی کی ایکس مل اور پرچون کی قیمتوں کا تعین کردیا، چینی کی نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کین کمشنر پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق 15 جولائی سے 14 اگست تک چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے اور پرچون قیمت 173 روپے فی کلو ہوگی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق 15 اگست سے 14 ستمبر تک ایکس مل قیمت 167 روپے ہوگی جبکہ چینی کی پرچون قیمت 175 روپے فی کلو ہوگی۔

(جاری ہے)

15 ستمبر سے 14 اکتوبر تک چینی کی ایکس مل قیمت 169 روپے جبکہ پرچون کی سطح پر چینی 177 روپے فی کلو فروخت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 15 اکتوبر سے چینی کی ایکس مل قیمت 171 روپے اور پرچون قیمت 179 روپے فی کلو ہوگی۔ واضح رہے کہ چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد حکومت ان دنوں شدید تنقید کی زد میں ہے۔سابق وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے اپنے ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ "چینی بحران میں ایک اور پہلو شامل کر لیں۔ درآمدی چینی نومبر کے آغاز میں پاکستان پہنچے گی، بالکل اس وقت جب نئی فصل کی خریداری کا عمل شروع ہوتا ہے۔

اور یوں مقامی کسانوں کو کم قیمتوں پر مجبور کر دیا جائے گا۔ یہ مت پوچھیں کہ اس کا فائدہ کس کو ہوگا؟ ۔ اس حوالے سے سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت چاہے تحریک انصاف کی ہو، ن لیگ کی ہو یا پیپلزپارٹی کی ہو، وہ چینی مافیا کے سامنے کھڑی ہو ہی نہیں سکتیں بلکہ حکومتیں تو چھوڑیں شوگر مافیا کے سامنے فوج بھی کھڑی نہیں ہوسکتی، میں یہ گارنٹی سے کہہ سکتا ہوں۔

24 نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی کے نام پر جس طرح کھیل ہوتا رہا ہے یہ تقریباً ہر دور حکومت میں ہوا ہے، جس وقت عمران خان کی حکومت گئی تھی تب چینی کی زیادہ سے زیادہ مارکیٹ قیمت 85 روپے فی کلو تھی اور آج چینی کی قیمت 200 روپے تک پہنچ چکی ہے، پاکستان میں بہت سارے لوگوں کو حقائق معلوم نہیں ہیں کہ ملک میں موجود کل 84 شوگر ملوں میں سے 90 فیصد شوگر ملز سیاستدانوں کی ہیں، چند ایک کے سوا باقی سب بڑے سیاسدان شوگر ملوں کے مالکان ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات