راولپنڈی، نامعلوم افراد کی فائرنگ،2 بھائیوں سمیت 4 افراد قتل

چاروں افراد گاڑی میں سوار ہو کر جا رہے تھے کہ اچانک مخالفین جن میں بہادر وغیرہ شامل ہیں انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، لاشوں کوہسپتال منتقل کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 18 جولائی 2025 10:42

راولپنڈی، نامعلوم افراد کی فائرنگ،2 بھائیوں سمیت 4 افراد قتل
 راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی 2025)راولپنڈی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو بھائیوں سمیت 4 افراد کو قتل کر دیا، قتل کا واقعہ رات گئے کہوٹہ کے علاقے بھون روڈ پر پیش آیا ہے، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کہوٹہ منتقل کر دیا گیا ہے،پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت جنید گل، متین کیانی، شعیب اور ثمر اقبال کے ناموں سے ہوئی ہے جن میں سے ثمر اقبال اور جنید اقبال آپس میں بھائی تھے۔

مخالفین کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ سے دو سگے بھائیوں سمیت 4 افراد قتل ہوگئے جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔پولیس کاکہناہے کہ چاروں افراد ایک ہی گاڑی میں سوار ہو کر جا رہے تھے کہ اچانک مخالفین جن میں بہادر وغیرہ شامل ہیں انہوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

ملزمان موقع سے فرار ہو نے میں کامیاب ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ کہوٹہ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ابتدائی شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فائرنگ کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔پولیس نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی۔پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے۔

فائرنگ واقعے پر شواہد اکٹھے کر لئے گئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے مطابق مقتول ثمر راولپنڈی اسلام آباد میں قتل، اقدام قتل سمیت دیگر مقدمات میں اشتہاری تھا، واقعے میں ثمر کا بھائی جنید بھی قتل ہوادونوں کا تعلق علیوٹ سے ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی شہر قائد کراچی میں خاندانی جھگڑے کے دوران داماد نے فائرنگ کرکے سسر سمیت 3 افراد کو قتل کرڈالاتھا۔

جاں بحق افراد کی شناخت غوث الدین، گل بت خان اور امین کے نام سے ہوئی تھی۔ویسٹ پولیس نے بروقت کارروائی کر کے 3 افراد کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو حراست میں لے لیاتھا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد چوک میں خاندانی جھگڑے کے دوران داماد نے اپنے والد اور رشتہ داروں سے مل کر فائرنگ کرکے اپنے سسر سمیت 3 افراد کو قتل کردیاتھا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتول غوث الدین عرف عمران اپنے رشتے داروں کے ہمراہ اپنی بیٹی کے گھر آیا تھا۔ تلخ کلامی کے بعد ہونے والی لڑائی کے دوران داماد اور رشتہ داروں نے فائرنگ کردی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق گھر میں خاندانی جھگڑے کے دوران عمران کے داماد حمید، بھائی رحمت، والد شاہجہان اور رشتے دار رحمت نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں عمران، گل بخت خان اور امین شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد مرکزی ملزم داماد کے والد سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے گرفتار ملزمان میں مقتول کی بیٹی کا سسر شاہجہاں اور رشتہ دار رحمت شامل تھے۔