Live Updates

پوٹھوہار ریجن میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال، پاک فوج نے ریسکیو آپریشن میں ایک ہزار شہریوں کومحفوظ مقامات منتقل کر دیا، کئی شہروں میں ایمرجنسی نافذ

پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالیہ طوفانی بارشوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 106 ہوگئی جبکہ 393 شہری زخمی ہیں، راولپنڈی میں بارش کے دوران ڈوبنے والے مزید تین افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 18 جولائی 2025 12:40

پوٹھوہار ریجن میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال، پاک فوج نے ریسکیو ..
چکوال(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی 2025)پوٹھوہار ریجن میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال، پاک فوج نے ریسکیو آپریشن میں ایک ہزار شہریوں کومحفوظ مقامات منتقل کر دیا،کئی شہروں میں ایمرجنسی نافذ کر دی، پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالیہ طوفانی بارشوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 106 ہوگئی جبکہ 393 شہری زخمی ہیں۔ صوبے کے مختلف شہروں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔

پوٹھوہار ریجن میں ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے جوانوں نے بروقت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق جہلم سے 398 شہریوں کو ریسکیو کیا گیا جن میں 160 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ چکوال سے 209 افراد کو نکالا گیا جن میں 182 کو ضلعی انتظامیہ اور 27 کو فضائی آپریشن کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں بھی ضلعی انتظامیہ نے 450 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جب کہ نالہ لئی سے 6 افراد کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے بچایا گیا۔راولپنڈی میں بارش کے دوران ڈوبنے والے مزید تین افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ بھوسہ گودام ہاتھی چوک نالے میں ڈوبنے والے 9 سالہ حسن علی کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

نشیبی علاقوں میں ریلیف کا کام تاحال شروع نہیں ہو سکا۔ ڈھوک حسو، مہر کالونی، دھمیال، چکری، مورگاہ، ٹینچ بھاٹہ، جان کالونی اور دیگر علاقوں میں شہری اپنی مدد آپ گھروں سے پانی نکال رہے ہیں۔شہریوں کا فرنیچر، الیکٹرونکس، اشیاء خورونوش اور ضروری سامان بارش کے پانی میں تباہ ہوچکا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق بروقت ریسکیو آپریشن کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی ہے اور مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہوگا۔عرفان کاٹھیا نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سے سندھ بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان سمیت بالائی خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔ دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آج دادو سے شروع ہو گا، اس کے علاوہ سکھر، عمر کوٹ، تھر پارکر، بدین، سجاول، کراچی، میر پور خاص، لاڑکانہ، نواب شاہ، شکار پور اور جیکب آباد میں بادل برسنے کا امکان ہے۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات