پاک-چین ہمہ موسمی شراکت اعتماد پر مبنی ہے، اسحاق ڈار

پیر 1 ستمبر 2025 19:45

پاک-چین ہمہ موسمی شراکت اعتماد پر مبنی ہے، اسحاق ڈار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور طویل المدتی حکمتِ عملی پر استوار ہے۔ گوادر پرو کے اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے چینی صدر شی جن پنگ کے عالمی امن، ترقی اور کثیرالملکی تعاون کے وڑن کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ان کی قیادت اور اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اب ایک کلیدی یوریشیائی پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر چکی ہے، جو علاقائی سلامتی، تجارت، توانائی، روابط اور ثقافتی تبادلوں سمیت متعدد اہم شعبوں میں پیش رفت کا ذریعہ بن رہی ہے۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان نہ صرف چینی قیادت بلکہ ایس سی او کے دیگر رکن ممالک کے سربراہان کے ساتھ بھی تعمیری اور بامقصد اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا منتظر ہے۔

گوادر پرو کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعظم شہباز شریف چین کے شہر تیانجن پہنچے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی 25ویں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم کلیدی خطاب کریں گے اور دنیا کے مختلف رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں خطے میں تعاون، امن و امان اور اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔

گوادر پرو کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں بیجنگ روانہ ہوں گے جہاں وہ چین کی ’’جاپانی جارحیت کے خلاف عوامی جنگ میں فتح‘‘کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔ بیجنگ میں قیام کے دوران وہ پاک-چین بزنس ٹو بزنس (B2B) سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت بھی کریں گے، جو دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کاوش سمجھی جا رہی ہے۔