Live Updates

وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کا سیلاب کے باعث کٹاس راج مندر کو پہنچنے والے نقصان کا نوٹس

جمعہ 18 جولائی 2025 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے چکوال میں واقع تاریخی کٹاس راج مندر کی حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بگڑتی ہوئی حالت اور سوشل و مین اسٹریم میڈیا پر گردش کرتی خبروں کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری پریس ریلیز کےمطابق وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی نے کہا کہ حالیہ دنوں کی شدید بارشوں کے باعث یہ قدیم عبادت گاہ شدید خطرات سے دوچار ہو چکی ہے، جو ایک اہم قومی ورثہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متروکہ وقف املاک بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مندر کی موجودہ صورتحال پر ایک جامع رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے۔واضح رہے کہ ہندو برادری کے مقدس مقام اور پاکستان کے ثقافتی تنوع کی علامت اس قدیم مندر کو بارش کے پانی کے داخل ہونے اور سیلابی کیفیت کے باعث ساختی دباؤ کا سامنا ہے۔اورنگزیب خان کھچی نے مندر اور اس سے منسلک قلعہ کے تحفظ اور بحالی کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ قومی ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اوریہ منفرد ثقافتی مقام ایک قومی اثاثہ ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات