دریائے سوات پر سیاحوں کی جانوں کا تحفظ ممکن نہ بنانا انتظامی ناکامی ہے، خیبرپختونخواہ میں کرپشن کا بازار گرم ہے،عطاء تارڑ

سابق حکومت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے قومی ایئر لائنزکو اربوں کا نقصان پہنچایا، غیر ذمہ دارانہ بیان کی وجہ سے پی آئی اے پر بین الاقوامی پابندیاں عائد ہوئیں، خوشی ہے کہ ہماری حکومت کے دوران یہ پابندیاں ختم ہوئیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 18 جولائی 2025 14:24

دریائے سوات پر سیاحوں کی جانوں کا تحفظ ممکن نہ بنانا انتظامی ناکامی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی 2025)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ دریائے سوات پر سیاحوں کی جانوں کا تحفظ ممکن نہ بنانا انتظامی ناکامی ہے، خیبرپختونخواہ میں بدانتظامی اور کرپشن کا بازار گرم ہے، خیبرپختونخوا میں کرپشن کے انبار لگے ہوئے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے قومی ایئر لائنزکو اربوں کا نقصان پہنچایا۔

سابقہ سیاسی حکومت کے ایک غیر ذمہ دارانہ بیان کی وجہ سے پی آئی اے پر بین الاقوامی پابندیاں عائد ہوئیں۔ خوشی ہے کہ ہماری حکومت کے دوران یہ پابندیاں ختم ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے اب پی آئی اے کی بحالی کا آغاز ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم اور وزیر ہوابازی کی خصوصی توجہ سے پی آئی اے نے یوکے اور یورپ کیلئے فضائی آپریشن بحال کیا جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے ایک بڑی سہولت ہے۔

عطا تارڑ نے برطانیہ اور یورپ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پروازوں سے قومی ایئرلائن کو اربوں روپے کا منافع ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کایہ بھی کہنا تھا کہ عدالت میں اپنا مؤقف پیش کیا ہے اور عدالتی کارروائی قانون کے مطابق جاری ہیشالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈکاسٹنگ کمپنی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عطا تارڑ نے عدالت سے درخواست کی کہ کمپنی کو بند نہ کیا جائے کیونکہ اس سے کئی ملازمین کے روزگار کا مسئلہ جڑا ہے۔

کمپنی کی بحالی کیلئے بزنس پلان تیار کیا جا رہا ہے جو عدالت میں پیش کیا۔جائے گا۔شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی پر عدالت کے مشکور ہیں۔ کافی عرصے سے کمپنی کی بندش کا عمل چل رہا ہے۔ اس دوران سینکڑوں ملازمین کے روزگار کو خطرہ لاحق ہے اس لئے عدالت میں حاضر ہو کر استدعا کی ہے کہ کمپنی کو بند نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے کمپنی کا بزنس پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ہم کمپنی کے بزنس پلان پر کام کر رہے ہیں اور جلد عدالت میں جمع کرائیں گے تاکہ کمپنی کی سرگرمیاں بحال کی جا سکیں۔ عدالت کے مشکور ہیں جنہوں نے آڈیٹر کو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کی ہدایت دی۔