وزیرداخلہ نے وزارت کے تمام ذیلی اداروں سے سروس ڈلیوری کی بہتری اور اچھے نتائج کے حصول بارے جامع پلان طلب کرلیا

جمعہ 18 جولائی 2025 21:06

وزیرداخلہ نے وزارت کے تمام ذیلی اداروں سے سروس ڈلیوری کی بہتری اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)وفاقی وزارت داخلہ نے تمام ذیلی اداروں کے درمیان کوآرڈی نیشن بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان اداروں سے سروس ڈلیوری کی بہتری اور اچھے نتائج کے حصول بارے جامع پلان طلب کرلیا۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق یہ ہدایات وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی زیر صدارت خصوصی اجلاس کے دوران جاری کیں جس میں تمام ذیلی اداروں کے سربراہان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے وزارت کے تمام ذیلی اداروں کو تین دن میں قواعد و ضوابط میں تبدیلی اور ضروری سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں حتمی پلان پیش کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ذیلی اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کا فقدان ہے جسے ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے کہا کہ کارکردگی کو مزید بہتر و مؤثر بنانے کے لئے تمام ذیلی اداروں میں مربوط ہم آہنگی و اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت ہے، ہر ادارے کی ضروریات اور دستیاب وسائل کی تفصیلات وضع کی جائیں اور ہر ادارہ دوسرے اداروں کی معاونت کے طریقہ کار کے بارے ٹھوس پلان مرتب کرے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام ذیلی اداروں میں مؤثر روابط و ہم آہنگی سے فائدہ عوام کو ہوگا،ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر کے ہی اداروں کی استعدادکار بڑھائی جا سکتی ہے۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی نیشنل پولیس بیورو، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد، چیف آپریٹنگ آفیسر نادرا اور ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس نے اجلاس میں شرکت کی-