نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے حصول سے متعلق جامع سرمایہ کاری پورٹ فولیو کی تیاری کے لئے قائم کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 18 جولائی 2025 21:07

نائب وزیر اعظم  سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت دوست ممالک سے سرمایہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کے دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے حصول سے متعلق جامع سرمایہ کاری پورٹ فولیو کی تیاری کے لئے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں موجودہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ابتدائی مرحلے کے منصوبوں کی ایک فہرست تجویز کی گئی۔

(جاری ہے)

توانائی، بنیادی ڈھانچے اور نجکاری کے شعبوں میں تعاون کے سٹریٹجک مواقع کا جائزہ لیا گیا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ ایسی قابل عمل سرمایہ کاری کے مواقع اور ترقیاتی اقدامات کی نشاندہی کریں جو مشترکہ خوشحالی کو فروغ دے سکیں اور پائیدار معاشی ترقی میں مددگار ہوں۔اجلاس میں وزیر پٹرولیم، معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، مشیر برائے نجکاری، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی، چیئرمین واپڈا، سیکرٹریز پٹرولیم و ایس آئی ایف سی اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔