200 ارب روپے کے کوہستان کرپشن سکینڈل کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، اختیار ولی خان

جمعہ 18 جولائی 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات ونشریات و امور خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کوہستان کرپشن سکینڈل میں بانی پی ٹی آئی کو ملوث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ناک کے نیچے کرپشن ہوتی رہے، خیبرپختونخوا میں 200 ارب روپے کی کرپشن کا سکینڈل سامنے آیا ہے۔ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ نیب نے کوہستان کرپشن سکینڈل کیس میں لگژری گاڑیاں، کئی کلو سونا اور اربوں روپے کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں جبکہ کئی اثاثوں کو منجمد کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں کوہستان میں 200 ارب روپے کا سکینڈل سامنے آیا ہے،آپ تصور کریں کہ دوسرے اضلاع میں کیا ہوتا رہا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن وہاں ہوتی رہی ہے جہاں لوگ کہتے تھے کہ ہم کرپشن کا خاتمہ کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان سکینڈل میں پانچ ارب روپے مالیت کی نقدی جس میں غیر ملکی کرنسی بھی شامل ہے، کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جائیدادوں کی کل مالیت تقریباً 17 ارب روپے ہے جس میں راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد، پشاور میں 109 جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں، ان جائیدادوں میں 30 قیمتی رہائشی گھر، فلیٹس، 12 کمرشل پلازے اور چار فارم ہائوس بھی شامل ہیں۔ اختیار ولی خان نے کہا کہ وہ خود اس کیس کی پیروی کریں گے اور کرپشن کے اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کرپشن کے سارے تانے بانے ایک سیاسی جماعت کے بانی تک جا رہے ہیں۔