تاریخی لیاقت باغ کی تزئین و آرائش کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، ڈی جی پی ایچ اے

جمعہ 18 جولائی 2025 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی کی جانب سے شہر کے تاریخی لیاقت باغ کی تزئین و آرائش اور سرسبز ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں لیاقت باغ کو عوام کے لیے ایک دلکش تفریحی مقام بنانے کے لیے پی ایچ اے متحرک ہے۔

باغ کی روزانہ بنیادوں پر دیکھ بھال اور پھولوں کی افزائش کا کام بھرپور انداز میں جاری ہے۔ لیاقت باغ نہ صرف راولپنڈی شہر کا مرکزی باغ ہے بلکہ یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بھی ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ اس باغ کو پہلے "کمپنی باغ" (ایسٹ انڈیا کمپنی باغ) کے نام سے جانا جاتا تھا، لیکن 1951 میں وزیر اعظم لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد اس کا نام "لیاقت نیشنل باغ" رکھ دیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ باغ سیاسی جلسوں اور اجتماعات کے انعقاد کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے جبکہ عام عوام بھی سیر و تفریح کے لیے یہاں کا رخ کرتے ہیں اور اس کے سرسبز و شاداب مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے باغ کی تاریخی اہمیت اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے صفائی، تزئین و آرائش اور دیکھ بھال کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے۔ باغ میں لگے سرسبز درخت، رنگ برنگے پھول اور ہریالی اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ پی ایچ اے شہر کو سرسبز بنانے اور عوام کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ لیاقت باغ کی خوبصورتی کو مزید نکھارنے میں پی ایچ اے کا عملہ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔