Live Updates

گھی ملز بند کرنے کی دھمکی کے بعد گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں اضافے کا خدشہ

پاکستان و ناسپتی مینیوفیکچررز ایسوسی ایشن کی ایف بی آر کے افسران کی گھی ملوں میں تعیناتی کے خلاف ملک بھر کی گھی ملیں غیر معینہ مدت کے لئے بند کرنے کی دھمکی

جمعہ 18 جولائی 2025 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء) پاکستان وناسپتی مینوفیکچرر ایسوسی ایشن کی جانب سے گھی ملز بند کرنے کی دھمکی کے بعد گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان و ناسپتی مینیوفیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر عمر ریحان شیخ نے ایف بی آر کے افسران کی گھی ملوں میں تعیناتی کے خلاف ملک بھر کی گھی ملیں غیر معینہ مدت کے لئے بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

عمر ریحان شیخ نے کہا کہ گھی ملوں کی ہڑتال ایک دن کی نہیں بلکہ غیر معینہ مدت کی ہوگی۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر یہ شرائط واپس لے اور کاروبار دوست پالیسی اپنائے۔ایف بی آر نے سیکشن 40 بی کے تحت ملک بھر کی گھی ملوں میں اہلکار تعینات کردئیے ہیں اور ایف بی آر اہلکاروں کی تعیناتی سے گھی انڈسٹری میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔پاکستان و ناسپتی مینیو فیکچررز ایسوسی ایشن نے 37 اے، ڈیجیٹل انوائسیز اور بینکوں میں دو لاکھ والی شرط کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔گھی اور کوکنگ آئل کے شعبے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ صرف مہنگائی میں اضافہ کرے گی بلکہ سپلائی چین کو بھی متاثر کرے گی، جس کے اثرات براہ راست عام صارفین تک پہنچیں گے۔

Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات