آزاد کشمیر میں بھی پنجاب کی طرز پر اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا جائے گا، بیرسٹر امجد ملک

جمعہ 18 جولائی 2025 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے سابق اسپیکر اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے اپنے برطانیہ کے دورے کے دوران مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل افیئرز کے سینئر نائب صدر، چیف کوآرڈینیٹر اور وائس چیئرمین اوورسیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک سے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت سے والہانہ وابستگی، پارٹی منشور سے مکمل اتفاق اور آزاد کشمیر میں پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے برطانیہ سے پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کی بحالی کو کشمیری کمیونٹی کیلئے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف 10 لاکھ سے زائد اوورسیز کشمیریوں کو آسانی ہوگی بلکہ پاکستان کو زرمبادلہ میں بھی فائدہ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

شاہ غلام قادر نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور ان کی فلاح و بہبود پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنا قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں ہمیشہ ان کیلئے سنجیدہ اقدامات کرتی رہی ہیں۔بیرسٹر امجد ملک نے شاہ غلام قادر کو راچڈیل آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں مسلم لیگ (ن) کا ایک پختہ، زیرک اور بااصول رہنما قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور سینیٹر اسحق ڈار کی رہنمائی میں برطانیہ اور آزاد کشمیر کے چیپٹرز کو پارٹی کے مرکزی دھارے کے ساتھ مربوط کیا جائے گا تاکہ تنظیمی ڈھانچے کو مزید موثر بنایا جا سکے۔

بیرسٹر امجد ملک نے اعلان کیا کہ آئندہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بننے پر آزاد کشمیر میں اوورسیز کمیشن قائم کیا جائے گا، جس کا ماڈل پنجاب کے اوورسیز کمیشن سے لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں اوورسیز کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، ایڈوائزری کونسل تشکیل دی جائے گی، اوورسیز سیٹ پر ایک فعال اور عوام دوست نمائندہ منتخب کیا جائے گا،کشمیر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور سیاحت کے فروغ کیلئے جدید اقدامات کیے جائیں گے۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات قریب ہیں اور وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کا بیانیہ ہی اصل طاقت ہے اور عوام آئندہ انتخابات میں اس کا عملی اظہار کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز سینیٹر اسحق ڈار نے یوکے چیپٹر کی تنظیم نو میں خاص دلچسپی لی ہے، جس کے باعث آزاد کشمیر اور یوکے چیپٹرز کے درمیان رابطے مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے چوہدری عبدالرحمن آرائیں (صدر آزاد کشمیر یوکے) اور دیگر رہنمائوں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر چیپٹر لندن کے صدر شکیل طاہر مغل، رابطہ سیکریٹری عبدالغفور قریشی، سردار ساجد یعقوب، طارق بٹ اور راجہ نادر امتیاز بھی موجود تھے۔