آئی جی پنجاب کا فرض کی راہ میں قربان ہونیوالے کانسٹیبل حیدر علی حسین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش

ہفتہ 19 جولائی 2025 00:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جہلم میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے دوران فرض کی راہ میں قربان ہونے والے پولیس کانسٹیبل حیدر علی حسین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ جہلم میں سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں شامل پولیس اہلکار حیدر علی حسین شہید ہو گئے، گذشتہ روز جہلم میں شہریوں کو ریسکیو کرنے کے دوران سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے کانسٹیبل کا جسد خاکی مل گیا ہے، آئی جی پنجاب نے شہید کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری پولیس فورس دکھ کی اس گھڑی میں شہید کے اہل خانہ کے ہمراہ ہے، تنہا نہیں چھوڑیں گے ،ان کی فلاح و بہبود کا بھرپور خیال رکھا جائیگا۔

(جاری ہے)

آئی جی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان سیلاب زدہ علاقوں میں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر متاثرین کو ریسکیو کر رہے ہیں، سیلاب متاثرین کو پولیس کی طرف سے عارضی رہائش، کھانا، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے کنٹرول سنٹرز سے سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، آر پی اوز اور ڈی پی اوز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پولیس ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ دریائوں کے کنارے آباد دیہاتوں اور آبادیوں میں پولیس ریسکیو ٹیموں کی پٹرولنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے، سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف کیمپس، متاثرہ افراد کی امداد اور سکیورٹی کے لئے اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سیلاب کے ممکنہ خطرات سے درپیش علاقوں اور دریائی چیک پوسٹوں پر پٹرولنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔