چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ورلڈ ماسٹرز سنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر محمد آصف کو مبارکباد

ہفتہ 19 جولائی 2025 09:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی )محسن نقوی نے ورلڈ ماسٹرز سنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر محمد آصف کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔پی سی بی سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے کہا کہ ’’ویلڈن محمد آصف، قوم کو آپ پر ناز ہے‘‘۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمد آصف نے فائنل میں بھارتی حریف کو شکست دے کر نہ صرف پاکستان کے قومی پرچم کی شان میں اضافہ کیا بلکہ اپنی زبردست مہارت اور صلاحیتوں کا لوہا بھی منوایا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ محمد آصف نے قوم کا مان اور وقار بڑھایا، کھیل ہو یا کوئی اور میدان، پاکستان ہر محاذ پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کی کامرانیوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان سنوکر کے کنگ محمد آصف نے آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹرز سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارتی حریف کو شکست دے کر ایک اور ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کیا۔