سعودی و امریکی وزرائے خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ، شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

ہفتہ 19 جولائی 2025 10:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے امریکی ہم منصب مارکو روبیو نے ٹیلی فون پر رابطے میں شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔سعودی خبررساں ادارے (ایس پی اے )کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے شام پر اسرائیلی حملوں اور اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی مذمت کی۔

انہوں نے شام کی خود مختاری اور آزادی کا احترام کرنے اور اس پر اسرائیلی حملے روکنے کی اہمیت پر زور دیا۔شامی حکومت کی جانب سے سکیورٹی اور اس کے تمام علاقوں میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کی کوششوں کی سپورٹ کےلیے اجتماعی کوششوں پر بھی زور دیا جس سے شام کی وحدت برقرار اور شہری امن قائم ہوسکے۔سعودی وزیرخارجہ نے شام کی سکیورٹی اور استحکام کی سپورٹ کے لیے امریکی کوششوں کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

یاد رہے گزشتہ روز سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے شام کے صدر احمد الشرع نے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔ رابطے کے دوران سعودی ولی عہد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شام کی وحدت وسالمیت اور قومی یکجہتی کے تحفظ کے لیے باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ضروری ہے جو ملک کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہے۔انہوں نے جمہوریہ شام پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس حوالے سے مملکت کے موقف کا اعادہ کیا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا عالمی برادری شامی حکومت کو درپیش چیلنجز سے نمنٹے کے لیے اس کی حمایت اور کسی بھی بیرونی مداخلت کو روکنے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔