Live Updates

اس سال کا مون سون سیزن کافی مضبوط ہے، محکمہ موسمیات

اب تک مون سون کے تین اسپیل ہوچکے ہیں اور ہر آنے والا اسپیل دوسرے سے زیادہ توانا ہے‘ڈپٹی ڈائریکٹر

ہفتہ 19 جولائی 2025 11:58

اس سال کا مون سون سیزن کافی مضبوط ہے، محکمہ موسمیات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)محکمہ موسمیات نے بتایاہے کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال کا مون سون سیزن کافی مضبوط ہے، اب تک مون سون کے تین اسپیل ہوچکے ہیں اور ہر آنے والا اسپیل دوسرے سے زیادہ توانا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ویک اینڈ پر بارش برسانے والا ایک اور سسٹم ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پچھلے سال کی نسبت اس سال کا مون سون سیزن زیادہ مضبوط ہے، پچھلے سال جون میں کم اور اگست میں زیادہ بارشیں ہوئی تھیں، اگلے ہفتے میں شروع ہونے والا اسپیل پہلے دو اسپیل کی طرح کا ہوگا۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات فاروق ڈار نے بتایا کہ ابھی تک اس مون سون سیزن کے تین اسپیل ہوچکے ہیں اور ہر اسپیل آنے والے اسپیل سے مضبوط ہے اگر اسی طرح ٹرینڈ رہا تو ممکن ہے کہ جولائی میں زیادہ اور اگست میں کم بارشیں ہوں۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ بارش برسانے والا سسٹم جنوبی پنجاب کی جانب منتقل ہوا ہے جس کے تحت آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان شمال مشرقی بلوچستان جنوبی پنجاب اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں درمیانے سے ہلکے درجے کی بارش کا امکان ہے جبکہ (آج)اتوار سے ایک اور مضبوط سسٹم ملک میں داخل ہوگا۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سسٹم کے زیر اثر اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، کشمیر گلگت بلتستان میں تیز بارش کا امکان ہے اور نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارشوں کی پیشگوئی کرنے والے نظام کراچی لاہور اور اسلام آباد میں ایکٹیو ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات