Live Updates

شہری خطرناک عمارتیں فوری خالی اور حکام کے ساتھ تعاون کریں، شرجیل میمن

مون سون کے دوران کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، سینئر صوبائی وزیرسندھ

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:44

شہری خطرناک عمارتیں فوری خالی اور حکام کے ساتھ تعاون کریں، شرجیل میمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہری خطرناک عمارتیں فوری خالی کردیں اور اس سلسلے میں حکام کے ساتھ تعاون کریں۔حکومت سندھ نے مون سون بارشوں کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور اس حوالے سے بلدیاتی اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی اداروں کے چئرمینوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بارش کا پانی فوری طور پر نکالنے کے انتظامات کیے جائیں۔ نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس کی دستیابی ہر صورت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر لئے گئے ہیں۔ بلدیاتی اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ان کی 24 گھنٹے موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں 59 خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے، 10 عمارتیں قومی ورثہ قرار دی گئی ہیں۔ اسٹرکچرل انجینئرز پر مشتمل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی تکنیکی کمیٹی شہر بھر میں مسلسل سروے کر رہی ہے، جس کا مقصد ایسی عمارتوں کا پتا لگانا ہے جو شہریوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اب تک 41 انتہائی خطرناک عمارتوں کو خالی کرا کے سیل کر دیا گیا ہے۔

متوقع بارشوں کے پیش نظر ایس بی سی اے میں ایک رین ایمرجنسی سینٹر قائم کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے فعال ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کی سلامتی کو اولین ترجیح دے رہی ہے، مون سون کے دوران کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہری خطرناک عمارتیں فوری طور خالی کریں اور حکام کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات