پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی، وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:52

پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی سیاسی، سفارتی اور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 19جولائی یومِ قراردادِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں، ثابت قدمی اور جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ ہفتہ کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ 19جولائی 1947وہ تاریخی دن ہے جب کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کرکے اپنی منزل کا واضح تعین کر دیا تھا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ ایک مستند اور ناقابلِ تردید حقیقت ہے، جو ان کی قربانیوں اور پاکستان سے گہرے جذباتی تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں اور ان کی غیر متزلزل جدوجہد نے ظلم کے خلاف تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر بھارت کے مظالم کو بے نقاب کیا اور دنیا کو اس کا مکروہ چہرہ دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ صرف جغرافیائی حدود تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک مشترک عقیدہ، تہذیب، ثقافت اور شہداء کی قربانیوں سے بندھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کشمیریوں کی طویل اور صبر آزما جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائے گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سانس لیں گے۔