حیدرآباد کے علاقے ہیرا آباد میں مخدوش عمارتوں کو مسمار کرنے کیلئے آپریشن، مکینوں کا انکار

خواتین اور بچوں کا گھر خالی کرنے سے انکار کر دیا، بجلی اور گیس کے کنکشنز کاٹ کر عمارت خالی کرنے کی مہلت دے دی گئی

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)حیدرآباد میں مخدوش عمارتوں کو مسمار کرنے کے لیے آپریشن شروع۔ ضلعی انتظامیہ ہیرا آباد میں خطرناک قرار دی گئی عمارت خالی کروانے پہنچ گئی۔ خواتین اور بچوں کا گھر خالی کرنے سے انکار کر دیا، بجلی اور گیس کے کنکشنز کاٹ کر عمارت خالی کرنے کی مہلت دے دی گئی۔حیدرآباد میں ضلعی انتظامیہ نے شہر کے علاقے ہیرا آباد میں خطرناک قرار دی گئی مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے کے لیے آپریشن شروع کر دیا۔

تاہم مکینوں، خصوصا خواتین اور بچوں نے گھروں سے نکلنے سے انکار کرتے ہوئے شدید مزاحمت کی۔ضلعی انتظامیہ کی ٹیم اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی قیادت میں پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچی، جہاں انہوں نے عمارت کو خالی کرانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

خطرناک صورتحال کے پیش نظر بجلی اور گیس کے کنیکشن منقطع کر دیے گئے، اور رہائشیوں کو عمارت خالی کرنے کے لیے مہلت دے دی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق مکینوں کو واضح وارننگ دی گئی ہے، اگر مقررہ وقت میں عمارت خالی نہ کی گئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب عمارت میں مقیم افراد نے موقف اختیار کیا ہے کہ قیام پاکستان کے وقت یہاں ہجرت کرکے آئے تھے، اب کہاں جائیں مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ عمارت ان کی ملکیت ہے اور وہ بغیر متبادل یا قانونی طریقہ کار کے گھر خالی کرنے پر آمادہ نہیں۔آپریشن کے دوران صورتحال کشیدہ رہی، تاہم پولیس اور انتظامیہ نے مکالمے کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی۔