قومی اور جمہوری استحکام کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات ناگزیر ہیں،قیصراحمدشیخ

ہفتہ 19 جولائی 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے قومی اور جمہوری استحکام کے لیے سیاسی مذاکرات کو ناگزیر قرار دیا ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں بالخصوص پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر زور دیا کہ وہ قومی مسائل کے حل کے لیے باہمی بات چیت کا راستہ اپنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سمیت دیگردرپیش قومی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت کے ذریعے قومی یکجہتی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔قیصر احمد شیخ نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر چلنا نہیں چاہتے اورنہ ہی یہ مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل الزام تراشی یا جارحانہ سیاست میں نہیں بلکہ تعمیری اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا تصادم پر مبنی رویہ نہ صرف خود اس جماعت کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ ملک کے مجموعی سیاسی ماحول کو بھی متاثر کر رہا ہے۔