صوبائی وزیر بلال یاسین سے سرکلر روڈمارکیٹس صدور کی ملاقات

ہفتہ 19 جولائی 2025 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) وزیر ہائوسنگ پنجاب بلال یاسین سے سرکلر روڈ کی 18 مارکیٹس کے صدور نے ڈی سی آفس میں ملاقات کی،سرکلر روڈ لاہور کے تاجروں کا دیرینہ مطالبہ حکومت پنجاب نے منظور کرلیا، ملاقات میں وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب، میاں وقار اور ڈی سی لاہور سید موسی رضا بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیر ہائوسنگ پنجاب کا کہنا تھا کہ بھاٹی گیٹ، شاہ عالم،موچی گیٹ، دہلی گیٹ کے تاجروں کیلئے زیر زمین دکانوں اور گوداموں کی تعمیر کی جائے گی، سرکلر باغ کے گرد زیر زمین کاروباری مراکز اور پارکنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے، قائد مسلم لیگ محمد نواز شریف نے 6 مختلف مقامات پر تاجروں کیلئے کاروباری مراکز کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت کی ہے،ابتدائی مرحلے میں ٹیکسالی، موچی اور شیرانوالہ گیٹ کے قریب کاروباری مراکز حکومت خود تیار کروائے گی، 2200 سے زائد دکانیں اور گوداموں کی تعمیر پہلے مرحلے میں مکمل کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں شاہ عالم، بھاٹی اور دہلی گیٹ میں حکومت پنجاب تیار کروائے گی، بلال یاسین نے واضح کیا کہ عالمی معیار کی متبادل مارکیٹس کی تیاری تک تاجران اپنا کاروبار جاری رکھیں گے، مصنوعات کے مطابق ایک ہی کیٹگری کی دکانوں کو لاہور کے بڑے شاپنگ مالز کے ماڈل پر تیار کروایا جائے گا، وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے کہا کہ شہر لاہور کو ایک ماڈل کاروباری مرکز کی فراہمی کے خواب کو عملی شکل دی جائے گی، انڈر گرائونڈ ٹینکس، پارکنگ، بجلی و پانی سمیت دکانداروں کیلئے پارکنگ کو مختص کیا جائے گا، ڈی سی لاہور سید موسی رضا کا کہنا تھا کہ کمپلیکس کی سکیورٹی کیلئے خصوصی کیمروں سمیت سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں گے اور کسی بھی تاجر کے کاروبار کو متاثر نہیں کیا جائے گا۔