جنگ نہیں چاہتے تھے، مگراس کے لیے تیار تھی:ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے پاس اپنے دفاع کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا،عباس قراقچی

اتوار 20 جولائی 2025 10:55

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ان کا ملک جنگ نہیں چاہتا تھا، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو وہ اس کے لیے مکمل طور پر تیار تھا۔ چینی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں عراقچی نے واضح کیا کہ ایران کے پاس اپنے دفاع کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسرائیل کے ساتھ فائر بندی کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر کسی بھی جنگ بندی کے سلسلے میں بھروسا نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ اس کا ماضی میں ریکارڈ خراب رہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم پوری طرح ہوشیار ہیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ردعمل دینے کے لیے تیار ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم یہ جنگ نہیں چاہتے تھے، مگر ہم اس کے لیے تیار تھے۔ ہم نہیں چاہتے کہ یہ جنگ جاری رہے، لیکن میں دہراتا ہوں کہ ہم اس کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔جوہری مذاکرات کے حوالے سے عباس عراقچی نے کہا کہ تہران اس وقت تک امریکہ سے بات چیت دوبارہ شروع نہیں کرے گا جب تک اسے واشنگٹن کی سنجیدگی پر مکمل اعتماد حاصل نہ ہو جائے۔