صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر گورنر خیبرپختونخواہ کو حلف لینے کا حکم

الیکشن کمیشن نے 16 جولائی کو خط لکھ کر چیف جسٹس سے حلف کے لیے نامزدگی کی درخواست کی لہذا اب جتنا جلدی ممکن ہو حلف لیا جائے؛ نوٹی فکیشن کا متن

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جولائی 2025 14:21

صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر گورنر خیبرپختونخواہ کو حلف لینے کا ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی 2025ء ) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر گورنر خیبرپختونخواہ کو حلف لینے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کی حلف برداری نہ ہونے پر اپوزیشن کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی جہاں پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے درخواست ہائی کورٹ کے رجسٹرار کے پاس جمع کرائی گئی۔

ایڈیشنل سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی ابرار سعید نے مؤقف اختیار کیا کہ ’یہ آئینی معاملہ ہے اور منتخب اراکین سے حلف نہ لینا بنیادی جمہوری حقوق کی خلاف ورزی ہے، مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے اراکین کو تاحال حلف سے محروم رکھا گیا ہے، جو آئینی اور پارلیمانی روایات کے منافی ہے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ مخصوص نشستوں پر اراکین کی حلف برداری کے لیے کسی کو نامزد کریں‘۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے اپوزیشن کی درخواست پر مخصوص نشستوں پر اراکین کی حلف برداری کے لیے گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کو نامزد کر دیا، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ایک نوٹی فکیشن کے ذریعے خیبرپختونخواہ کی مخصوص نشستوں پر گورنر فیصل کریم کنڈی کو حلف لینے کا حکم دیا، رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ نے چیف جسٹس کے حکم پر جاری نوٹیفکیشن میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے 16 جولائی کو خط لکھ کر چیف جسٹس سے حلف کے لیے نامزدگی کی درخواست کی لہذا اب جتنا جلدی ممکن ہو حلف لیا جائے۔