کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ رن وے منصوبہ کے لئے ایف آئی ڈی آئی سی ایشیا پیسیفک انجینئرنگ ایکسیلنس ایوارڈ

اتوار 20 جولائی 2025 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ رن وے منصوبہ کو ایف آئی ڈی آئی سی ایشیا پیسیفک انجینئرنگ ایکسیلنس ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا ہے،منصوبہ جنوبی افریقہ اور فرانس میں بین الاقوامی کیس سٹڈی کے طور پر پیش کیا جائے گا۔پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ ایئرپورٹ رن وے کی تعمیر نو کے منصوبہ کو اسلام آباد میں منعقدہ ایف آئی ڈی آئی سی ایشیا پیسیفک کانفرنس 2025 کے موقع پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

یہ بین الاقوامی اعزاز پاکستان کے طویل ترین اور مضبوط ترین رِجڈ یا بے لچک رن وے کی کامیاب تکمیل کا اعتراف کرتا ہے جو کہ ایک مصروف مشترکہ فضائی اڈے پر مرحلہ وار تعمیر کیا گیا۔ منصوبہ غیر معمولی طور پر بغیر کسی کلیم، بغیر کسی حفاظتی واقعے اور بغیر رن وے بند کئے مکمل کیا گیا جو انجینئرنگ اور منصوبہ بندی کی شاندار مثال ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایوارڈ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی اور منصوبے کے کنسلٹنٹس کو مشترکہ طور پر ان کی مؤثر منصوبہ بندی، تکنیکی مہارت اور محفوظ و کامیاب تکمیل پر دیا گیا۔

رن وے تقریباً 5 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا، اور 31 مئی 2023 کو اسلام آباد سے آنے والی پرواز PK-3250 نے اس پر پہلا لینڈنگ آپریشن کیا۔منصوبے کی بین الاقوامی اہمیت کے اعتراف کے طور پر، پلومینو ایلوِیرا جوایف آئی ڈی آئی سی کی منظور شدہ بین الاقوامی ثالث اور تعمیراتی منصوبوں کی ماہر ہیں، نے اس پروجیکٹ کو جنوبی افریقہ اور فرانس میں ہونے والی ایف آئی ڈی آئی سی کانفرنسز میں ایک بین الاقوامی کیس سٹڈی کے طور پر پیش کرنے کی دعوت دی ہے۔یہ اعزاز پاکستان کی ہوا بازی اور انجینئرنگ کی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہے، اور پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے لئے فخر کا باعث ہے۔