بلوچستان میں پسند کی شادی پر قتل مرد و خاتون کے پوسٹ مارٹم کیلئے قبرکشائی

خاتون اور مرد کے پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آنے والی رپورٹ سے کئی حقائق سے پردہ اٹھے گا؛ پولیس حکام

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 جولائی 2025 12:56

بلوچستان میں پسند کی شادی پر قتل مرد و خاتون کے پوسٹ مارٹم کیلئے قبرکشائی
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی 2025ء ) جوڈیشل مجسٹریٹ نے بلوچستان میں قتل کیے جانے والے مرد اور خاتون کے پوسٹ مارٹم کیلئے قبر کشائی کا حکم دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پسند کی شادی پر قتل کیے جانے والے جوڑے کی قبر کشائی کے لیے عدالتی احکامات کی روشنی میں پولیس ٹیم ڈیگاری روانہ کردی گئی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے معلوم ہوگا کہ یہ واقعہ کتنا پرانا ہے، خاتون اور مرد کے پوسٹ مارٹم کے بعد کئی حقائق سے بھی پردہ اٹھے گا، پوسٹ مارٹم سے ہی معلوم ہوگا کہ مرد اور خاتون کو کتنی کتنی گولیاں ماری گئیں۔

دوسری طرف صوبہ بلوچستان میں پسند کی شادی پر قتل کے انسانیت سوز واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر خاتون کے قتل کی ویڈیو وائرل ہے خاتون کے قتل کا مقدمہ ریاست اور صوبائی حکومت کی مدعیت میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر رہے ہیں، قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، واقعے میں ملوث مزید افراد کو بھی جلد ہی گرفتار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کے لیے ڈیٹا نادرا کو بھیجا گیا جس میں متعلقہ قبائل اور ملوث افراد کی شناخت ہوگئی ہے تاہم فی الحال ان کی شناخت ظاہر نہیں کر رہے، غیرمصدقہ اطلاعات ہیں کہ واقعہ عیدالاضحیٰ کا ہے اور فیملی نے رپورٹ نہیں کیا، ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحقیقات کر رہے ہیں واقعے کا ضلعی انتظامیہ کو بھی علم نہیں تھا، خاتون کی باڈی ریکور کرنے کے لیے بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بتایا ہے کہ خاتون اور مرد کے قتل واقعہ میں 11 ملزمان گرفتار کرلئے گئے ہیں، مزید افراد کی گرفتاری کیلئے آپریشن جاری ہے، تمام ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے، قتل میں ملوث افراد کے خلاف آپریشن مؤثر طریقے سے جاری ہے، ملزمان کی تلاش جاری ہے، تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔