صدر مملکت آصف علی زرداری نے رائل سعودی بحریہ کے سربراہ کو نشان امتیاز ملٹری عطا کر دیا، ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

پیر 21 جولائی 2025 20:00

صدر مملکت آصف علی زرداری نے رائل سعودی بحریہ کے سربراہ کو نشان امتیاز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیر کو ایوان صدر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں رائل سعودی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کر دیا۔ یہ اعزاز وائس ایڈمرل الغریبی کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور رائل سعودی بحریہ اور پاک بحریہ کے درمیان دوستی کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

ایوان صدر میں منعقد ہونے والی اس خصوصی تقریب میں پاکستانی مسلح افواج کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق تقریب کے بعد رائل سعودی بحریہ کے سربراہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے وائس ایڈمرل الغریبی کو اعزاز ملنے پر مبارکباد دی اور دونوں برادر ممالک کی بحریہ کے درمیان تعاون بڑھانے میں ان کی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے زور دیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستانی عوام اور حکومت مشکل اوقات میں سعودی عرب کی حمایت کی گہری قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے پاک بحریہ اور رائل سعودی بحریہ کے درمیان جاری مشترکہ سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

انہوں نے رائل سعودی بحریہ کی جانب سے فروری 2025ء میں منعقدہ مشترکہ بحری مشق امن -25 اور امن ڈائیلاگ-25 میں شرکت کو سراہا جس سے مشترکہ منصوبوں سے بحری تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ ملتا ہے۔ صدر مملکت نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کو بھی سراہا جن کی قیادت میں سعودی عرب تبدیلی، ترقی اور دیرپا خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے شاہی سعودی بحریہ کے پاک بحریہ کے ٹریننگ سسٹم پر اعتماد کی تعریف کی اور دونوں بحری افواج کے درمیان تربیتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی سے کہا کہ وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کے تہنیتی جذبات اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچائیں جو پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط رشتے کی عکاسی کرتے ہیں۔