علی پرویز ملک سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی ملاقات

توانائی اور کان کنی میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال

پیر 21 جولائی 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز سے وزارت پٹرولیم میں ملاقات کی۔ پیر کو وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں توانائی اور کان کنی میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر گفتگو کی گئی جس میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مہارتوں کی ترقی پر توجہ دی گئی۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے توانائی کے تحفظ کو بڑھانے کے لئے پاکستان کے عزم پر زور دیا اور آسٹریلوی ماہرین کے کان کنی اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے آسٹریلوی فرموں کے لئے پاکستان کے بڑھتے ہوئے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرپاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نیوزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حالیہ معاشی پیشرفت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکانٹ کے سرپلس اور منافع کی واپسی میں بہتری نے پاکستان میں کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیوں کا اعتماد بحال کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے معدنیات سے مالا مال خطوں میں آسٹریلوی مائننگ کمپنیوں کی جانب سے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جدید کان کنی تکنیک اور خدمات میں خصوصی تربیتی پروگرام فراہم کرنے کے لئے آسٹریلوی یونیورسٹیوں، کان کنی فرموں اور پاکستانی اداروں کے درمیان تعاون کی تجویز پیش کی۔

اس اقدام کا مقصد مقامی مہارت کو بڑھانا اور پاکستان کے کان کنی کے شعبے کی ترقی میں مدد کرنا ہے۔وفاقی وزیر پرویز ملک نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کی کان کنی کی جدید صلاحیتوں اور تکنیکی علم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہم ان شراکتوں کا خیرمقدم کرتے ہیں جو مقامی صلاحیت کو بڑھاتے ہیں اور ہمارے معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرتے ہیں۔انہوں نے اس طرح کے تعاون کو آسان بنانے کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ملاقات میں دونوں فریقوں نے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے اور باہمی اقتصادی ترقی کے لئے توانائی اور کان کنی میں مشترکہ منصوبوں کی تلاش پر اتفاق کیا۔