بلوچستان میں غیرت کے نام پر شادی شدہ جوڑے کا قتل انسانیت، معاشرتی اقدار اور ریاستی قانون کی کھلی توہین ہے، عظمی بخاری

پیر 21 جولائی 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے بلوچستان میں حالیہ دنوں غیرت کے نام پر شادی شدہ جوڑے کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف انسانیت بلکہ معاشرتی اقدار اور ریاستی قانون کے منہ پر طمانچہ ہے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ ایک طرف وہ خاتون نہتی، اکیلی اور بے یار و مددگار تھی، دوسری طرف تم سب کے ہاتھوں میں اسلحہ تھا اور تم ایک ہجوم کی صورت میں تھے۔

کیا اسی کو غیرت کہا جاتا ہے؟ کیا کسی بے قصور اور کمزور انسان پر طاقت کے بل پر ظلم کرنا غیرت کہلاتا ہے؟ یہ غیرت نہیں، کھلی بزدلی اور ظلم ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کسی بھی مہذب معاشرے میں کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ عورت کو کمزور سمجھ کر اسے ظلم کا نشانہ بنانا بزدلی ہے، غیرت نہیں۔ یہ واقعات نہ صرف قانون شکنی ہیں بلکہ ہمارے مذہبی، اخلاقی اور انسانی اصولوں کی بھی سنگین خلاف ورزی ہیں۔