بابوسر شاہراہ پر سیلابی تباہ کاریاں، 3 سیاح جاں بحق، 15 سے زائد لاپتہ، ریسکیو آپریشن جاری، وزیر اعلیٰ کی ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت

پیر 21 جولائی 2025 22:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں شاہراہ تھک بابوسر پر سیلابی ریلوں نے شدید تباہی مچائی ہے۔ ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق سیلابی ریلے میں سیاحوں کی 8 سے زائد گاڑیاں بہہ گئیں، جن میں سوار 3 سیاح جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 زخمیوں کو ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ 15 سے زائد سیاح تاحال لاپتہ ہیں۔ فیض اللہ فراق کے مطابق کچھ سیاحوں کی لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے جن کا تعلق لودھراں سے ہے۔ شاہراہ بابوسر کئی مقامات پر بند ہو چکی ہے، سڑکیں، کھیت اور دیگر انفرا اسٹرکچر تباہ ہو چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق شدید سیلاب کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے، فائبر لائن ٹوٹنے سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور ہزاروں سیاح متاثرہ علاقوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، درجنوں سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ مقامی آبادی نے بھی متاثرہ سیاحوں کو پناہ فراہم کی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ترجمان کے مطابق نہ صرف بابوسر بلکہ بلتستان کے دیگر علاقوں میں بھی سیلابی ریلے آئے ہیں جن سے شاہراہ بلتستان کا ایک حصہ بھی بند ہو گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے اقدامات مزید تیز کئے جا رہے ہیں۔