ڈاکٹروں کا جموں و کشمیر میں غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنما بلال صدیقی کی بگڑتی ہوئی صحت پرتشویش کا اظہار

منگل 22 جولائی 2025 16:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں ڈاکٹروں نے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنما بلال صدیقی کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جو گزشتہ 3 سال سے سرینگر سینٹرل جیل میں نظر بند ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حامی بلال صدیقی گردوں میں انفیکشن اوردیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں اور چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہیں ۔

بار بار درخواستوں کے باوجود جیل حکام انہیں بروقت اور مناسب علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔بلال صدیقی کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے والے مقامی معالج نے خبردار کیا ہے کہ علاج معالجے کی مناسب سہولت کی عدم فراہمی سے حریت رہنما کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نے مزیدکہاکہ بلال صدیقی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاجاناچاہیے ۔

بلال صدیقی کے دوستوں،اہل خانہ اور حامیوں نے میڈیا، قانونی فورمز اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ انہیں علاج معالجے کی فوری فراہمی کے لئے دبائو بڑھائیں۔حریت رہنما کے ایک قریبی ساتھی نے کہاہے کہ بلال صدیقی کو علاج معالجے کی مناسب سہولت نہ ملنا قانونی معاملے کے ساتھ انسانی مسئلہ بھی ہے ۔ حریت رہنما بلال صدیقی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے وقار اور اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کی ہے ۔