سمعیہ ساجد کا کوئٹہ دھماکے پر اظہار افسوس، میجر رب نواز طارق کی شہادت کو خراج عقیدت

مظفرآباد یونیورسٹی کو پاک فوج کے بہادر آفیسر میجر رب نواز طارق شہید کے نام سے منسوب کیا جائے

منگل 22 جولائی 2025 16:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ و چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم(کواف) سمعیہ ساجد نے کوئٹہ میں ہونے والے افسوسناک دہشت گردی کے واقعے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم دشمنوں کے بزدلانہ حملوں سے مرعوب نہیں ہوگی۔حکومت آزاد کشمیر سے گزارش کرتی ہوں کہ مظفرآباد یونیورسٹی کو پاک فوج کے بہادر آفیسر میجر رب نواز طارق شہید کے نام سے منسوب کیا جائے ، تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو معلوم ہو کہ کشمیریوں نے اپنے خون سے پاکستان کے وقار کو زندہ رکھا ہے ۔

سمعیہ ساجد نے کہا کہ میجر رب نواز طارق نے مادر وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جان قربان کرکے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، پوری قوم اُن کے اس عظیم جذبے کو سلام پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے بہادر آفیسر میجر رب نواز طارق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیاں وطن عزیز میں امن و سلامتی کی ضمانت ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی مزید مؤثر اور فیصلہ کن بنائی جائے تاکہ ایسے سانحات کا مستقل سدباب ہو سکے۔انہوں نے شہید میجر رب نواز طارق کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔