پاکستان کڑے معاشی حالات سے باہر نکل آیا ،تسلسل کیلئے سیاسی استحکام ، اتحاد ضروری ہے‘ حمزہ شہباز

منگل 22 جولائی 2025 18:05

پاکستان کڑے معاشی حالات سے باہر نکل آیا ،تسلسل کیلئے سیاسی استحکام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے اقلیتی رکن اسمبلی طارق گل نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میںملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ حمزہ شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں عوامی ایشوز خصوصاً اقلیتی برادری کے لئے آواز بلند کرنے پرطارق گل کے کردار کو سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں ، مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان کڑے معاشی حالات سے باہر نکل آیا ہے ، ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام اور اتحاد ہو ۔ حکومت کی پالیسیوں پر تعمیری تنقید اپوزیشن کا حق ہے لیکن ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا ملک کے لئے سود مند نہیں جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے ۔