چیف سیکرٹری سندھ کی متعلقہ اداروں کوایک ہفتہ میں کراچی تا ٹھٹہ روڈ سے تجاوزات کاخاتمہ یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 22 جولائی 2025 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر اندرکراچی تا ٹھٹہ روڈ (این ۔5) سے تمام تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ ہدایت انہوں نے کراچی تا ٹھٹہ روڈ پربڑھتی ہوئی تجاوزات کے خاتمے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ، جس میں سڑک پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے والے ٹینکروں، ٹرکوں اور پھل و سبزی فروشوں کی غیر قانونی سرگرمیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

انہوں نے صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم شاہراہ تجارتی اور بین الاضلاعی آمد و رفت کے لیے نہایت اہم ہے اور اسے ہر صورت تجاوزات سے پاک کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے کراچی تاٹھٹہ روڈ پر موجود مختلف اقسام کی تجاوزات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جن میں ٹینکرز، بھاری گاڑیاں اور سڑک کنارے لگے ہوئے پھل و سبزی کے غیر قانونی ٹھیلے شامل تھے، جو ٹریفک کی روانی میں شدید رکاوٹ بن رہے ہیں۔

چیف سیکرٹری سندھ نے ڈپٹی کمشنر ملیر کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر مین ہائی وے پر کھڑے ٹینکروں کو ذوالفقار آباد آئل ٹینکر ٹرمینل منتقل کروائیں تاکہ سڑک کو کلیئر کیا جا سکے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس اور بلدیاتی اداروں کو مشترکہ ایکشن پلان تیار کرنے اور موثر کارروائی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی تاکہ نہ صرف سڑک کو فوری طور پر تجاوزات سے پاک کیا جا سکے بلکہ اس پر عملدرآمد کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری امپلیمینٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن ، ڈی آئی جی ٹریفک، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، میونسپل کمشنر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی )، ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز ملیر، کورنگی اور ٹھٹہ نے شرکت کی۔