پاکستان اور ایل سالواڈور میں تاریخی پیش رفت،بلال بن ثاقب کی ایل سالواڈور کے صدر سے ملاقات ، کرپٹو شراکت داری پر اتفاق

بدھ 23 جولائی 2025 22:01

پاکستان اور ایل سالواڈور میں تاریخی پیش رفت،بلال بن ثاقب کی ایل سالواڈور ..
سان سلواڈور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2025ء) عالمی مالیاتی نظام میں جدت کی طرف ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، پاکستان اور وسطی امریکی ملک ایل سالواڈور کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم ہو گئے ہیں۔ دونوں ممالک نے کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون بڑھانے پر بھی اصولی اتفاق کر لیا ہے۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے یوتھ افیئرز اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او، بلال بن ثاقب نے ایل سالواڈور کے صدر نایب بٴْکلے سے ملاقات کی۔

ملاقات میں کرپٹو نالج شیئرنگ، بلاک چین پارٹنرشپ اور تکنیکی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔بلومبرگ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان حکومت کرپٹو فریم ورک اور ایک باقاعدہ ریگولیٹری باڈی کے قیام کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ پاکستان کرپٹو اثاثوں کو حکومتی خزانے کا حصہ بنانے کے امکانات پر غور کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے کرپٹو مائننگ کے لیے 2000 میگاواٹ بجلی مختص کر دی ہے، جو دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک کی سطح کا اقدام ہے۔ یاد رہے کہ ایل سالواڈور 2021 میں دنیا کا پہلا ملک بنا تھا جس نے بٹ کوائن کو قانونی کرنسی کا درجہ دیا۔ پاکستان اور ایل سالواڈور کے اس اشتراک کو ماہرین ڈیجیٹل معیشت میں نئے دور کے آغاز سے تعبیر کر رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے لیے مالیاتی خودمختاری اور تکنیکی ترقی کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔