یوای ٹی کے 10 مستحق طلبا کو پی ایم ایل ٹی سی اسکالرشپس جاری

بدھ 23 جولائی 2025 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2025ء) پاکستان میٹرو لائن ٹیکنالوجی کمپنی (پی ایم ایل ٹی سی) نے لاہور کی مشہور انجینئرنگ یونیورسٹی یو ای ٹی کے 10 مستحق اور ذہین طلبا کو تعلیمی اسکالرشپ جاری کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد معاشی دباؤ کا شکار مگر ذہین طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کرنا ہے۔اس سلسلے میں یو ای ٹی لاہور میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسکالرشپ چیکس طلبا میں تقسیم کیے گئے۔

تقریب کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے پی ایم ایل ٹی سی کے چیئرمین اور سی ای او شیونگ فینگ نے شرکت کی۔ڈاکٹر شاہد منیر نے چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے اس اہم تعلیمی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اداروں کا پاکستانی طلبا کی تعلیمی ترقی میں کردار خوش آئند ہے۔

اس موقع پر شیونگ فینگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپ پروگرام کا دائرہ ہر سال وسیع کیا جائے گا اور 7 ہزار سے زائد طلبا اس سے مستفید ہوں گے۔پی ایم ایل ٹی سی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ وہ اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا کو تعلیم مکمل ہونے پر روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گا، تاکہ انہیں عملی زندگی میں قدم رکھنے میں سہولت ہو۔یاد رہے کہ پی ایم ایل ٹی سی چین کی ایک نمایاں کمپنی ہے جو پاکستان میں اربوں روپے کے میٹرو اور ٹرانسپورٹ منصوبوں پر کام کر رہی ہے، اور یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور فنی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا سبب بنے گا۔