مٹھی بھر دہشتگرد ملک کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روک سکتے، ڈی جی آئی ایس پی آر

معرکہ حق میں فتح مُبین میں عوام کی حمایت بالخصوص نوجوانوں کا کردار اہم رہا؛ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے دورے پر طلباء سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 جولائی 2025 10:38

مٹھی بھر دہشتگرد ملک کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روک سکتے، ڈی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جولائی 2025ء ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان اور پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روک سکتے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی آمد پر انتظامیہ اور طلبہ نے پرتپاک استقبال کیا، اپنے دورے کے موقع پر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک افواج کی حکمت عملی اور کامیابی پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں فتح مُبین میں عوام کی حمایت بالخصوص نوجوانوں کا کردار اہم رہا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا، بلوچ عوام پاکستان سے تاریخ، مذہب، ثقافت اور روایت کے رشتوں میں جُڑی ہے، مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان اور پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روک سکتے۔

(جاری ہے)

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ طلباء و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا، اس کے علاوہ طلباء و طالبات اور فیکلٹی ممبران نے مزید ایسے انٹرایکٹیو سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

علاوہ ازیں آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ کے دوران طلبا نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سے ملاقات کی، آ ئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2025 میں ملک بھر کے 33 شہروں سے 6500 سے زائد طلباء و طالبات حصہ لے رہے ہیں، انٹرن شپ میں 150 سے زائد یونیورسٹیز اور تعلیمی اداروں کے طلبہ شریک ہیں جو پاکستان کی نوجوان نسل کے عزم و جذبے کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سمر انٹرن شپ میں شرکت کرنے والے طلبا سے خصوصی گفتگو کی اور نوجوانوں کے جذبے کو سراہا، انہوں نے نوجوانوں کو قومی بیانیے کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے، پاکستان کا روشن مستقبل ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے اور قوم کو آپ پر فخر ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ اس موقع پر طلباء نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کو دندان شکن جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور اسے تاریخ کا ناقابل فراموش باب قرار دیا اور پاک افواج سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج پر ہمیں فخر ہے، اور ہمیں اپنی افواج سے کوئی جدا نہیں کرسکتا، نوجوان نسل کل بھی پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی، آج بھی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی، ملک دشمن عناصر کی ناپاک کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔