سوزوکی اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم،تین افراد جاں بحق

جاں بحق افراد حجرہ شاہ مقیم کے رہائشی تھے ،لاشیں اور زخمی ہسپتال منتقل،ڈرائیور فرار

جمعرات 24 جولائی 2025 16:41

سوزوکی اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم،تین افراد جاں بحق
حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)تیز رفتاری اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے باعث ایک سوزوکی بولان ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ امدادی ٹیموں نے زخمی کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی نعشیں بھی ضروری قانونی کارروائی کے بعد مقامی پولیس کی موجودگی میں ہسپتال منتقل کی گئیں۔

(جاری ہے)

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ فیصل آباد روڑ پر ینگ پور کے قریب پیش آیاجس میں زخمی کی شناخت آصف ولد محمد رفیق عمر تقریباً 30 سال ساکن حجرہ شاہ مقیم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ جاں بحق افراد میں اللہ رکھ ولد صادق عمر 32 سال، عامر ولد اسلم عمر 28 سال اور ایک نامعلوم شخص جس کی عمر تقریباً 32 سال بتائی جا رہی ہے، شامل ہیں۔ تمام جاں بحق افراد کا تعلق بھی حجرہ شاہ مقیم سے ہے۔ پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی قبضے میں لیکر واقعے کی مزید تحقیقات اور مفرور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ۔