انجری کے شکار ارشد ندیم کی ورلڈ چیمپئن شپ پر نظریں مرکوز، ڈائمنڈ لیگ میں شرکت مشکوک

ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ٹوکیو میں شیڈول ورلڈ چیمپئن شپ سے قبل ارشد ندیم مکمل طور پر فٹ ہو جائیں، کوچ

جمعرات 24 جولائی 2025 21:00

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی 2 ڈائمنڈ لیگ چیمپئن شپ مقابلوں میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ارشد ندیم لندن میں پنڈلی کے آپریشن کے بعد اس وقت بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں، اور امید ہے کہ وہ ستمبر میں جاپان میں ہونے والی ٹوکیو ورلڈ ایتھلیٹک چیمپئن شپ سے قبل مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔

ارشد ندیم راوں ماہ ورلڈ چیمپئن شپ کی تیاریوں کے سلسلے میں انگلینڈ گئے تھے، ڈائمنڈ لیگ کے مقابلے پولینڈ میں 16 اگست اور سوئزلینڈ میں 27 سے 28 اگست کو شیڈول ہیں۔پاکستان کی تاریخ کے پہلے انفرادی اولمپک گولڈ میڈلسٹ نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ میں ڈاکٹر علی باجوہ کی زیر نگرانی پنڈلی کا آپریشن کروایا تھا جس کے بعد سے وہ روبصحت ہیں۔

(جاری ہے)

ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ نے بتایا کہ جیولن تھرور کا فیزیو تھراپسٹ کیساتھ ری ہیب اس وقت لندن میں جاری ہے، انہوں نے بتایا کہ معمول کی ٹریننگ سے قبل ارشد ندیم کا یہ 2 ہفتوں کا پروگرام ہے۔

سلمان بٹ نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ٹوکیو میں شیڈول ورلڈ چیمپئن شپ سے قبل ارشد ندیم مکمل طور پر فٹ ہو جائیں اور ممکن ہے کہ وہ ورلڈ ایونٹ سے قبل اپنی فارم کی بحالی کیلئے کسی ایک مقابلے میں بھی ان ایکشن ہوں۔ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس 2020 میں پانچویں پوزیشن اپنے نام کی تھی جبکہ کامن ویلتھ گیمز 2022 میں گولڈ میڈل جیتنے کے ساتھ ساتھ پریس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل بھی جیتا تھا۔