کانگریس نے وزیر اعظم مودی کو مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا وعدہ یاد دلادیا

جمعرات 24 جولائی 2025 22:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت انڈین نیشنل کانگریس نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کیلئے اپنی مہم تیز کر نے کا اعلان کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے سینئر رہنماء غلام احمد میر نے نئی دلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کانگریس پارٹی مقبوضہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے اپنی تحریک تیز کرے گی، جیسا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے ہدایت دی تھی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی متعدد بار ریاستی حیثیت کی بحالی کا وعدہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ریاستی حیثیت کی منسوخی کی وجہ سے کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور وہ اپنے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ اورگورنر ہائوس کے چکر لگا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو یاد دلایا کہ جون 2021میں انہوں نے کشمیری سیاسی رہنمائوں سے ملاقات میں دعویٰ کیاتھا کہ مقبوضہ علاقے میں پہلے حلقہ بندیاں، پھر انتخابات اوراسکے بعد ریاستی حیثیت بحال کی جائے گی۔

غلام میر نے کہاکہ کانگریس نے 5 اگست 2019 کے بعد سے مسلسل جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کررہی ہے جب مودی حکومت نے یکطرفہ طورپر جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر دی تھی۔انہوں نے مزیدکہاکہ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھی سرینگر میں بھارت جوڑو یاترا کے اختتام پر جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا وعدہ کیا تھا۔