وزیراعظم کا ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کے درجے میں بہتری پر اطمینان کا اظہار

جمعرات 24 جولائی 2025 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے استحکام کی طرف گامزن ہے،پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے نہ صرف بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی میں مدد ملے گی بلکہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی کا دبائو بھی کم ہوگا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری بیان میںوزیر اعظم نے ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کے درجے میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ سی سی سی پلس سے بی مانئس پر آنا یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی طرف تیزی سے گامزن ہے،پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے نہ صرف بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی ملنے میں مدد ملے گی اور بیرونی قرضوں کی ادائیگی کا دبائو بھی کم ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریے بہتر ہو رہے ہیں،کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے سے پاکستانی معیشت پر بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہو گا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کا اعتراف بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور ریٹنگز ایجنسیز بھی کر رہی ہیں،حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔