ڈی جی آئی ایس پی آر کی مختلف مذاہب کے نمائندوں ، نوجوانوں کیساتھ نشست

دشمن کو ہماری قومی یکجہتی سے اپنے مذموم مقاصد میں مایوسی کا سامنا ہوگا،لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

جمعہ 25 جولائی 2025 13:43

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دشمن کو ہماری قومی یکجہتی اور اتحاد سے اپنے مذموم مقاصد میں مایوسی کا سامنا ہوگا۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں کے ساتھ خصوصی نشست کی۔

اس موقع پر انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک افواج کی کامیابی کو قوم کی کامیابی قرار دیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ قوم بلا مذہبی امتیاز دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی صورت کھڑی ہو کر فتح یاب ہوتی ہے،پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ تاریخ اور قومی نصب العین کی بدولت یک دل اور یک جان ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن اور ترقی پسند ملک ہے، بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی طاقت کی اساس ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وطن کے روشن مستقبل کیلئے نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے۔اس موقع پر طلبا و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص کی فتح پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔