کوشش کرنی چاہیے سختی کم کی جائے، پولٹیکل پارٹی کو سائیڈ لائن کرنا ملک کیلئے اچھا شگون نہیں ہے، بیرسٹرگوہر

ہمیں بہتر ی کی طرف جانا چاہئے، لوگوں کوانا کم ختم کرنی ہوگی، بدقسمتی سے مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکے لیکن اب ہمیں آگے بڑھنا چاہئے، چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 25 جولائی 2025 16:55

کوشش کرنی چاہیے سختی کم کی جائے، پولٹیکل پارٹی کو سائیڈ لائن کرنا ملک ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی 2025)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ کوشش کرنی چاہیے سختی کم کی جائے، پولٹیکل پارٹی کو سائیڈ لائن کرنا ملک کیلئے اچھا شگون نہیں ہے، لوگوں کوانا کم ختم کرنی ہوگی، ملک کی جمہوریت کیلئے اور بالا دستی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، پی ٹی آئی چیئرمین لاہور میں حماد اظہرکے والد کے انتقال پر تعزیت کرنے کیلئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے ان کے ہمراہ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی، ایم پی اے حافظ فرحت، فرخ جاوید مون، ایڈوکیٹ ابوذر سلمان نیازی بھی موجود تھے۔

بیرسٹرگوہر نے حماد اظہر سے ان کے والد اورسابق گورنر پنجاب میاں اظہر مرحوم کی وفات پر اظہار تعزیت کیااور ان کی مغفرت کیلئے دعاء کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بیرسٹرگوہرکا کہنا تھا کہ میاں اظہر نے بہت اچھی زندگی گزاری۔

(جاری ہے)

حماد اظہر جماعت کے ساتھ ثابت قدم رہے۔ حماد اظہر دو سال جمہوریت کی خاطر سب سے دور رہے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکے لیکن اب ہمیں آگے بڑھنا چاہئے۔

تحریک انصاف سیاست میں انتشار پسند نہیں کرتی۔ پارٹی میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرنے کہا کہ پارٹی پر الزام لگایا گیا کہ فارن فنڈنگ ہوئی اور موجودہ صورتحال میں مزید الزامات بھی لگائے گئے۔ ہمیں اب بہتری کی طرف جانا چاہیے۔ٹی ٹی آئی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ پی ٹی آئی کے تمام لوگوں نے برداشت کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاتھا کہ جن لوگوں کو 9مئی کے کیسز میں سزائیں ہوئی میں ان کو ذاتی طور پر جانتا ہوں یہ تمام لوگ تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔سیاسی طور پر مسئلے کا حل نکالا جائے میری ہمدردی تمام لوگوں کے ساتھ ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف والوں کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں بچا تھا۔

جب یہ تمام لوگ اوپر عدالت میں جائیں گے تو انصاف ملے گا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری وہی پرانی بات ہے کہ سیاست کے ذریعے مسئلے کا حل کیا جائے۔ تحریک انصاف والوں سے اس وقت کیا کہا جا سکتا ہے۔ ان کو تو سزائیں ہو رہی ہیں میری ہمدردی تمام لوگوں کے ساتھ تھی۔