حکومت پنجاب فرنیچر کی صنعت کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے،مجتبی شجاع الرحمان

ہفتہ 26 جولائی 2025 01:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو میں100 سے زائد معروف فرنیچر برانڈز اور 10 ہزار سے زائد وزیٹرز کی شرکت اس صنعت کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،ایکسپو میں خریداروں کے لیے معیاری فرنیچر پر40 فیصد تک رعایت خوش آ ئند ہے۔ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر نے جمعہ کو پائن ایونیو میں پاکستان لائف اسٹائل فرنیچر ایکسپو کے زیر اہتمام 113 ویں ایڈیشن کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان لائف اسٹائل فرنیچر ایکسپو صرف پاکستانی فرنیچر انڈسٹری کی تخلیقی صلاحیتوں کا مظہر ہی نہیں بلکہ ملکی معیشت میں اس شعبے کی اہمیت کا عملی نمونہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرنیچر کا شعبہ پاکستان کی برآمدی پالیسی میں کلیدی حیثیت کا حامل اور حکومت پنجاب اس صنعت کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعلی مریم نوازکی قیادت میں صوبائی حکومت جدید، پائیدار اور خود کفیل معیشت کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے، جس کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کی سہولت کاری، سرمایہ کاری کے فروغ اور " ایز آف ڈوئنگ بزنس" میں بہتری جیسے اہم اقدامات سر انجام دے رہی ہے۔وزیر خزانہ نے فرنیچر انڈسٹری کی جدید خطوط پر استواری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا صنعتی شعبہ میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، ای-کامرس، اور گرین مینوفیکچرنگ جیسے شعبہ جات میں ترقی کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ عالمی منڈیوں میں مسابقت کے لیے اپنے معیار اور اندازِ کاروبار کو جدید خطوط پر استوار کریں۔