Live Updates

پاکستان، استحکام اور ذمہ داری کے ساتھ امن پر یقین رکھتا ہے، اسحاق ڈار

ہفتہ 26 جولائی 2025 02:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ایک مستحکم ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایک عالمی طاقت اور شراکت دار کے طور پر تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔وہ واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی امریکا نے ایک قابلِ اعتماد ثالث کا کردار ادا کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو فروغ دیا۔انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں سہولت کاری کا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم جنگ بندی کے تسلسل کے لیے پرعزم ہیں ، ہم امن پر یقین رکھتے ہیں، کبھی بھی پہل نہیں کی، بلکہ اقوامِ متحدہ کے منشور کے تحت صرف اپنے دفاع میں ردعمل دیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات دیرینہ، ہمہ جہت اور ترقی پذیر ہیں۔جب بھی دونوں ممالک عالمی مسائل پر ایک صفحے پر آئے، شراکت داری نتیجہ خیز ثابت ہوئی۔ صدر ٹرمپ کے منصب سنبھالنے کے بعد دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی رفتار حوصلہ افزا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کی امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات نہایت مفید رہی اور دونوں ممالک نے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ امریکی کانگریس سے اپنے مشترکہ خطاب میں صدر ٹرمپ نے دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کی کلیدی معاونت کو سراہا تھا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور پرانے اصول نئی حقیقتوں کے سامنے دم توڑ رہے ہیں۔پاکستان، استحکام اور ذمہ داری کے ساتھ امن پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور جنوبی ایشیا میں استحکام نہ صرف ہمارے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان طاقت اور مذاکرات کے امتزاج کے ذریعے امن کے تصور پر یقین رکھتا ہے اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشکل فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے مکمل کیا اور ڈھانچہ جاتی و معاشی اصلاحات کی راہ پر گامزن ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ مہینوں میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی، مہنگائی میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری جیسے اشاریے معیشت میں بہتری کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی پاکستان کے لیے اب بھی ایک چیلنج ہے اور حکومت اس کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت نہ صرف قائم ہے بلکہ فعال اور مستحکم ہے اور حکومت انسانی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، جن میں صحت، مہارتوں کی تربیت اور سماجی تحفظ شامل ہیں۔نائب وزیرِ اعظم نے کہاکہ گورننس اور سیاسی اصلاحات کے میدان میں ہم قانون کی بالادستی، اظہارِ رائے کی آزادی اور تنوع کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں ۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات