صوبائی صدر اے این پی میاں افتخار حسین کی زیر صدارت قومی امن جرگے کا انعقاد، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور قبائلی رہنماؤں کی شرکت

ہفتہ 26 جولائی 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین کی صدارت میں ہفتہ کو پشاور میں قومی امن جرگے کا انعقاد ہوا۔ جرگے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور قبائلی رہنماؤں نے شرکت کی۔ جرگہ کے آغاز پر باجوڑ میں شہید ہونے والے مولانا خانزیب کے ایصالِ ثواب، ان کے درجات کی بلندی اور خیبر پختونخوا میں قیامِ امن کےلیے اجتماعی دعا کی گئی۔

جرگہ میں پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا، پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹرینز کے مرکزی سیکرٹری جنرل ملک حبیب اورکزئی، قبائلی رہنما ملک خان مرجان، شکیل اورکزئی، پی پی پی رہنما اخونزادہ چٹھان، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شمالی عنایت اللہ خان، مزدور کسان پارٹی کے صوبائی صدر عادل محمود، پختونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے ایڈووکیٹ حیدر مومند، جمعیت علماء اسلام (ف) خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمن، مفتی کفایت اللہ، جمعیت علماء اسلام (س) کے صوبائی رہنما امین الرحمن، جماعت اسلامی کے مولانا عبدالرشید، جمیعت علماء اسلام (ف) کے سابق سینیٹر عبدالرشید خان، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خیبر پختونخوا کے صدر فضل مقیم یوسفزئی، عبداللہ منیر، ایم پی اے شکیل خان، قومی وطن پارٹی کے ترجمان طارق خان، سابق گورنر خیبر پختونخوا شوکت اللہ خان اور سابق ایم پی اے ملک طہماش خان سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جرگہ میں صوبے میں قیام امن کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں اور اس حوالے سے اظہارِ خیال کیا گیا۔ جرگہ کے بعد شرکاء نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں جرگے کا اعلامیہ بھی پیش کیا گیا۔