حتجاج مسائل کا حل نہیں ،سڑکوں پر ہونے والے احتجاج عوام کیلئے تکلیف کا باعث ہیں، گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل

ہفتہ 26 جولائی 2025 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) گورنر بلوچستان کی یقین دہانی کے بعد بلوچستان کی اخباری صنعت کی ایکشن کمیٹی نے اپنا 86 دن سے جاری احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ احتجاج مسائل کا حل نہیں ہے۔ سڑکوں پر ہونے والے احتجاج عوام کیلئے تکلیف کا باعث اور اکثر سکیورٹی کے خطرات پیدا ہوتے ہیں لہٰذا بہتر حل تلاش کرنے کا بہترین طریقہ مذاکرات ہی ہیں جو سیاست اور جمہوریت کا حسن ہے۔

متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے۔ اس مقصد کیلئے میں آپ کے خدشات اور مطالبات کو صوبائی حکومت تک پہنچانے کیلئے بہت جلد اپنی ٹیم روانہ کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے چیئرمین عبدالغفار لانگو اور مرتضیٰ ترین کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر صحافی حاجی خلیل، رضا الرحمان، نادر حسین زمرد اور نصیر کاکڑبھی موجود تھے۔مقامی اخبارات کے ایڈیٹرز پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر مندوخیل نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹک ٹیکنالوجی کے اس ترقی یافتہ دور میں آن لائن سسٹم کی آمد، روایتی طریقہ کار کی جگہ لیکر بڑے پیمانے پر دیکھنے اور پرکھنے کے زاویے اور معیارات میں ایک بڑی تبدیلی کا باعث بنی ہے۔

سردست روایتی چیزوں کو چھوڑنے اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کا فیصلہ کرنا انتہائی چیلنجنگ ہے اور اس کیلئے محتاط منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے۔گورنر مندوخیل نے پرنٹ میڈیا سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ مستقبل قریب انسان کا رشتہ قلم اور کاغذ سے ہمیشہ کیلئے ختم ہوتا جا رہا ہے لہٰذا آپ پل پل بدلتی دنیا کے تقاضوں کے پیش نظر اپنے پیشہ اور فکر میں تبدیلی لائیں اور نت نئی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کریں۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ اشتہارات کے حوالے سے بھی ایک نئی مگر شفاف پالیسی کی ضرورت ہے تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔وفد نے گورنر بلوچستان کو صوبائی حکومت کی جانب سے اشتہارات کو بی پی پی آر اے پر مکمل طور پر منتقل کرنے سے آگاہ کیا اور اپنے تحفظات اور مطالبات بھی سامنے رکھے۔گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ان کے مسائل کو غور اور توجہ سے سنا اور ان کے حل کیلئے اپنا ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔