Live Updates

ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے کیس کے حوالے سے میرے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر لیا گیا

عافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے پر حکومت کا مئوقف دو ٹوک اور واضح ہے، پاکستان ہو یا امریکہ ! ہرملک کا اپنا عدالتی و قانونی طریقہ کار ہے، وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی وضاحت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 26 جولائی 2025 20:45

ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے کیس کے حوالے سے میرے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی 2025ء) نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے کیس کے حوالے سے میرے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر لیا گیا، عافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے پر حکومت کا مئوقف دو ٹوک اور واضح ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ میرے گزشتہ روز اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک واشنگٹن میں عمران خان کے کیس کے بارے سوال کے جواب میں ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے کیس کے حوالے کو سیاق وسباق سے ہٹ کر لیا جا رہا ہے۔

ن لیگ کی حکومتوں کے ادوار میں ہم ہمیشہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئیے تمام تر سفارتی اور عدالتی معاونت فراہم کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رپیں گے جب تک کہ رہائی کا معاملہ حل نہ ہو جائے۔

(جاری ہے)

ہر ملک کے عدالتی و قانونی طریقہ کار  ہوتے ہیں جن کا احترام کیا جاتا ہے چاہے وہ پاکستان ہو یا امریکہ ، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے پر ہماری حکومت کا موقف دو ٹوک اور واضح ہے۔

دوسری جانب سابق سینیٹر مشتاق احمد نے وزیر خارجہ کے بیان کو شرمناک اور قابل مذمت قرار دے دیا، کہا اسحاق ڈار عافیہ صدیقی کی ظالمانہ قید کو اس لیے درست قرار دے رہے ہیں تاکہ عمران خان کی غیر قانونی قید، سیاسی انتقام کا جواز پیش کر سکیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق سینیٹر اور جماعت اسلامی کے سینئر رہنما مشتاق احمد کی جانب سے عافیہ صدیقی کی قید سے متعلق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے بیان پر ردعمل دیا گیا ہے۔

مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ "اسحاق ڈار صاحب، کیا آپ کو عافیہ کیس کا علم ہے؟۔ موجودہ حکومت کا عمران خان کیخلاف اپنے سیاسی انتقام کو جواز فراہم کرنے کیلئے مظلوم ڈاکٹر عافیہ کیخلاف فراڈ امریکی عدالتی کاروائی کو درست قرار دینا شرمناک حرکت ہے،میں اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ مزید برآں تحریک انصاف کے مرکزی شعبہ اطلاعات نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا میں اسحاق ڈار نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی طرح عمران خان کو بھی درست سزا دی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسحاق ڈار کے شرمناک، جھوٹے اور منافقانہ بیان کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکہ میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ "جیسے عافیہ صدیقی کو درست سزا دی گئی، ویسے ہی عمران خان کو بھی۔" یہ صرف جھوٹ نہیں بلکہ ایک مظلوم پاکستانی بیٹی اور پاکستان کے سب سے مقبول عوامی لیڈر دونوں کے خلاف بغض، غلامی اور ضمیر فروشی کی انتہا ہے۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات