Live Updates

عافیہ صدیقی کیس سے متعلق میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا جا رہا ہے، اسحاق ڈار

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے پر حکومت کا موقف واضح ہے،پہلے بھی سفارتی وعدالتی معاونت فراہم کرتے رہے ، آئندہ بھی کرتے رہیں گے ، نائب وزیراعظم

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس سے متعلق میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا جا رہا ہے حالانکہ حکومت تمام تر سفارتی و عدالتی معاونت فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ میرے گزشتہ روز اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک واشنگٹن میں عمران خان کے کیس کے بارے سوال کے جواب میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس کے حوالے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومتوں کے ادوار میں ہم ہمیشہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے تمام تر سفارتی اور عدالتی معاونت فراہم کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے جب تک کہ رہائی کا معاملہ حل نہ ہو جائے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ہر ملک کے عدالتی اور قانونی طریقہ کار ہوتے ہیں جن کا احترام کیا جاتا ہے اور چاہے وہ پاکستان ہو یا امریکا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے پر ہماری حکومت کا موقف دو ٹوک اور واضح ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات